اکثریت ڈیجیٹل

وی سی عبد الولی خان یو نیو رسٹی ڈا کٹر عبد ا لجمیل احمد کا مختلف شعبہ جات کا دورہ

تعلیمی خبریں | 01 Apr 2026
مردان: وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی مردان، پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے گارڈن کیمپس کے مختلف شعبہ جات کا اچانک دورہ کیا اور تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو کئی اہم ہدایات جاری کیں۔
دورے کے دوران وائس چانسلر نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ جم کو رات کے اوقات میں بھی طلبہ کے لیے کھلا رکھا جائے، جبکہ وہاں مزید سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا تاکہ طلبہ بہتر انداز میں استفادہ کر سکیں۔
انہوں نے سنٹرل سائنس لیبارٹری کے جاری کام کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو رواں ماہ کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ طلبہ و محققین کو جدید سہولیات میسر آ سکیں۔
اس کے علاوہ وائس چانسلر نے سنٹرل لائبریری کا بھی دورہ کیا، جہاں پی ایچ ڈی طلبہ و طالبات کی سہولت کے لیے ایک جدید کانفرنس روم قائم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس روم میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔
مزید برآں، انہوں نے مقابلے کے امتحانات کی تیاری کے لیے ڈیجیٹل لیب کو بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ اس موقع پر انہوں نے باٹنی ڈیپارٹمنٹ کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ورکس وقار احمد، ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر فاروق حسین، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن فرہاد صافی اور پی ایس ٹو وائس چانسلر طاہر محمود بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں تعلیمی اور تحقیقی ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور طلبہ کو جدید سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے۔