اکثریت ڈیجیٹل

ریجنل پولیس آفیسر مردان کا پولیس لائنز مردان کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ۔

تازہ ترین | 17 Dec 2025
مردان: ریجنل پولیس آفیسر مردان ربنواز خان نے پولیس لائنز مردان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مجموعی سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ریجنل پولیس آفیسر نے پولیس لائنز کے داخلی و خارجی راستوں، سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور نفری، سی سی ٹی وی کیمرہ سسٹم اور دیگر حفاظتی اقدامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
ریجنل پولیس آفیسر مردان نے جنرل گودام اور کوت کا دورہ کرتے ہوئے اسلحہ، ساز و سامان اور دیگر سرکاری اشیاء کے ریکارڈ، اسٹوریج اور نظم و ضبط کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سامان کی بروقت فراہمی، شفاف ریکارڈ کیپنگ اور معیار برقرار رکھنے پر زور دیا۔
دورے کے دوران پولیس میس کا بھی معائنہ کیا گیا، جہاں خوراک کے معیار، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ ریجنل پولیس آفیسر مردان نے پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے میس کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایات دیں۔
ریجنل پولیس آفیسر مردان نے لیڈیز ہاسٹل کا بھی دورہ کیا اور وہاں مقیم خواتین پولیس اہلکاروں کے رہائشی، سیکیورٹی اور سہولتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خواتین اہلکاروں کو محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ضروری بہتری کے احکامات جاری کیے۔
اس کے علاوہ پولیس لائنز میں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ بھی لیا اور تعمیراتی کام معیاری اور بروقت تکمیل کی ہدایات جاری کی۔
دورے کے اختتام پر ریجنل پولیس آفیسر مردان نے مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سیکیورٹی، نظم و نسق اور فلاحی امور میں مزید بہتری لانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں تاکہ پولیس فورس کی کارکردگی اور عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہو.